ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : جعلی ای میل آئی ڈی کے ذریعے پرنسپال کو بدنام کرنے والا لیکچرر گرفتار

منگلورو : جعلی ای میل آئی ڈی کے ذریعے پرنسپال کو بدنام کرنے والا لیکچرر گرفتار

Wed, 01 Dec 2021 20:29:11    S.O. News Service

منگلورو،یکم دسمبر (ایس او نیوز) جعلی  ای میل آئی ڈی بنا کر اپنے کالج کے پرنسپال کے خلاف بے بنیاد الزامات والے مراسلے بھیجنے والے لیکچرر سائبر کرائم، اکنامک آفینس اینڈ نارکوٹکس پولیس اسٹیشن کے افسران نے گرفتار کرلیا ۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ شخص کا نام ڈیوڈ راکیش ڈیسوزا (36 سال)ہے جو اُلیا رانیپورا کا رہنے والا ہے ۔ اور وہ ڈیرلکٹہ میں واقع ایک میڈیکل کالج میں لیکچرر ہے ۔ اس نے جعلی آئی ڈی بنا کر اپنے کالج کے پرنسپال کے خلاف بے بنیاد الزامات والے پیغامات میڈیکل کالج کے ڈائریکٹر کو ای میل کے ذریعے بھیجے تھے ۔ 

کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے کالج کا پرنسپال بننے کے خواب دیکھ رہا تھا ۔ اس لئے اس نے کالج کے ڈائریکٹر کو پرنسپال کے خلاف بے شمار الزامات والے مراسلے بھیجے جس میں  پیپر لیکیج جیسے معاملات بھی شامل تھے ۔  چونکہ یہ ای میل فیک آئی ڈی سے جا رہے تھے اس لئے اصل آدمی کو ڈھونڈ نکالنا مشکل ہو رہا تھا ۔ دوسری طرف ملزم بھی بالکل نارمل طریقے سے پیش آ رہا تھا جس کی وجہ سے کسی کو بھی اس پر کوئی شبہ نہیں ہو رہا تھا ۔

امسال ستمبر میں کالج کے پرنسپال نے سی ای این پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے اصل ملزم تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ۔ 

گرفتاری کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔


Share: